موغادیشو:امریکی بحریہ کے دو اہلکار صومالیہ کے ساحل سے دور خلیج عدن میں جہاز پر سوار ہونے کی کوشش کے دوران ڈوب گئے۔ واشنگٹن پوسٹ نے اتوار کو امریکی افسران کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا ہے کہ صومالیہ کے ساحل پر آپریشن کے دوران امریکی بحریہ کے دو اہلکار بحیرہ عرب میں ڈوب گئے۔ فوجیوں کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ جمعرات کو خلیج عدن میں اس وقت پیش آیا جب فوجی ایک جہاز پر سوار ہونے کی تیاری کر رہے تھے۔ اس دوران وہ سیڑھیوں سے پھسل کر سمندر میں ڈوب گئے۔
امریکہ نے ایران کو بھیجا پیغام
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے بحیرہ احمر میں یمن کی باغی انصار اللہ تحریک (حوثی) کے حملوں کے بارے میں ایران کو ذاتی طور پر پیغام بھیجا تھا۔ نامہ نگاروں کے ہفتے کے روز یہ پوچھے جانے پر کہ کیا خطے میں حوثی سرگرمیوں کے دوران ایران کی حکومت کو ان کا کوئی پیغام دینا چاہیں گے، بائیڈن نے کہا ’’میں نے ایک پیغام بھیجا تھا، ہم نے نجی طور پر یہ بھیجا، اور ہمیں یقین ہے کہ ہم پوری طرح تیار ہیں۔‘‘
- اسرائیل سے تعلق رکھنے والے جہاز حوثیوں کے نشانے پر
نومبر 2023 میں، حوثیوں نے اسرائیل سے تعلق رکھنے والے کسی بھی بحری جہاز پر حملہ کرنے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا اور دوسرے ممالک کے جہازوں سے اپنے عملے کو واپس بلانے کی درخواست کی۔ حوثیوں نے تب تک اپنے حملے جاری رکھنے کا عزم کیا ہے جب تک اسرائیل غزہ پٹی میں اپنی فوجی کارروائیاں ختم نہیں کر دیتا۔ واضح رہے کہ 19 دسمبر کو امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بحیرہ احمر کو محفوظ بنانے کے لیے کثیر القومی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ برطانیہ، بحرین، کناڈا، فرانس، اٹلی، ہالینڈ، ناروے، سیشلز اور اسپین اس میں شرکت کریں گے۔ حوثیوں نے امریکی قیادت میں بحری اتحاد میں شامل ہونے والے کسی بھی بحری جہاز پر حملہ کرنے کا عزم کیا تھا۔