راملہ:ویسٹ بینک میں ہفتہ کو اسرائیلی گولی باری میں دو فلسطینی ہلاک ہو گئے، جن میں سے ایک کو اسرائیلی چوکی پر حملہ کرنے کے الزام میں گولی مار دی گئی۔ اسرائیلی اور فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ 18 سالہ اسحاق عجلونی کو شہر ویسٹ بینک رامللہ اور یروشلم کے درمیان اسرائیلی فوج کی ایک چوکی پر حملہ کرنے کے الزام میں اسرائیلی فوجیوں نے ہلاک کر دیا۔ فلسطینی گواہان نے بتایا کہ یروشلم کے شمال میں واقع قلندیا چوکی پرعجلونی کی جانب سے گولی چلانے اور ایک اسرائیلی سیکیورٹی گارڈ کو معمولی زخمی کرنے کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے اسے ہلاک کردیا۔ اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ایم 16 آٹومیٹک مشین گن سے مسلح ایک فلسطینی چوکی پر پہنچا اور اسرائیلی فوجیوں اور سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔ تحریک الفتح کی مسلح ونگ الاقصیٰ شہداء بریگیڈ نےاسرائیلی چوکی پرحملے کی ذمہ داری قبول کی۔
فلسطین کی وزارت صحت نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس کے علاوہ شمالی ویسٹ بینک شہر نابلس میں مطلوب فلسطینیوں کی گرفتاری کے لیے جمعہ کو اسرائیلی فوجیوں کے چھاپے کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی 39 سالہ طارق ادریس ہفتہ کودم توڑدیا۔ 19 جون کو اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جنین شہر میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین فلسطینی مارے گئے۔ مرنے والوں میں ایک 15 سالہ لڑکا بھی شامل تھا۔