واشنگٹن: ایک خاتون کالم نگار کی جانب سے جنسی زیادتی کے الزام کے بعد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہتک عزت کے معاملے پر حلفیہ بیان قلمبند کیا گیا ہے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ای جین کیرول نے الزام لگایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ان پر 1990 کی دہائی کے وسط میں نیویارک کے بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹور کے ڈریسنگ روم میں جنسی حملہ کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’جین کیرول جھوٹ بول رہی ہیں‘، جس کے بعد جین کیرول نے ان پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ Donald Trump Sexual Misconduct Allegations
جین کیرول کے وکیل نے اپنی مؤکلہ کے بیان کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم انھوں نے کہا کہ یہ واقعہ بدھ کو ہوا تھا۔ اس مقدمے کی عدالت میں سماعت چھ فروری سے شروع ہو گی۔ لاء فرم کاپلن ہیکر اینڈ فنک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 'ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے مؤکل، ای جین کیرول کی جانب سے، ہم آج ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان قلمبند کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔' ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'ہم اس پر مزید تبصرہ نہیں کر سکتے۔' سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وکیل علینا حابہ نے ایک بیان میں کہا کہ 'جیسا کہ ہم نے پہلے ہی کہا ہے، میرے مؤکل نے آج بیان دینے اور حقائق واضح کرنے پر خوشی محسوس کی۔' ان کا کہنا تھا کہ 'یہ معاملہ بہت سے دوسرے افراد کی طرح ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی طویل فہرست میں ایک سیاسی چال سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔'
یہ واضح نہیں ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے حلفیہ بیان میں کیا کہا اور وہ ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے یا یہ بیان انھوں نے اپنے گھر یا دفتر سے بیٹھ کر دیا ہے۔ امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق، انھوں نے یہ بیان فلوریڈا میں اپنی مار اے لاگو سٹیٹ سے دیا ہے۔ نیویارک میگزین کے 2019 کے ایک مضمون میں، طویل عرصے سے مشاورت کا کام کرنے والی کالم نگار جین کیرول نے کہا تھا کہ ان کی سنہ 1995 کے آخر میں یا 1996 کے اوائل میں ایک ڈپارٹمنٹ سٹور برگڈورف گڈمین میں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی تھی۔