کابل: طالبان رہنما شیخ رحیم اللہ حقانی جمعرات کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک خودکش حملے میں ہلاک ہوگئے۔ Suicide Explosion in Kabul مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خودکش حملہ اس وقت کیا گیا جب حقانی کابل کے ایک مدرسے میں حدیث کی تعلیم دے رہے تھے۔ افغان حکام کے مطابق دھماکے میں ہونے والی اموات کی حتمی تعداد ابھی معلوم نہیں ہوسکیں۔ طالبان حکومت کے نائب ترجمان بلال کریمی نے شیخ رحیم اللہ حقانی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ کریمی نے کہا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ملک کی ممتاز علمی شخصیت شیخ رحیم اللہ حقانی دشمن کے وحشیانہ حملے میں جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔
افغان دارالحکومت میں جس ضلع میں دھماکہ ہوا وہاں کے انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ عبدالرحمن نے بھی شیخ رحیم اللہ حقانی کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حملہ افغانستان کے دارالحکومت کے ایک مدرسے میں اس وقت ہوا جب وہاں ایک شخص نے اپنی مصنوعی ٹانگ میں چھپائے بارودی مواد سے دھماکہ کر دیا۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکے کے پیچھے کس کا ہاتھ تھا۔