لندن: دنیا کے مشہور ترین آبی جہازوں میں سے ایک ٹائی ٹینک ایک بار پھر خبروں میں ہے۔ دراصل برطانوی میڈیا کے مطابق بحراوقیانوس میں 111 سال قبل غرق ہونے والے جہاز ٹائی ٹینک کے ملبے کو دیکھنے کے لیے جانے والی آبدوز بھی لاپتہ ہوگئی ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ یہ آبدوز کینیڈا کے جزیرے نیو فاؤنڈلینڈ سے روانہ ہوئی تھی۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق اتوار کے روز سفر کے آغاز کے ایک گھنٹہ 45 منٹ بعد ہی آبدوز کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا، ہمارا اندازہ ہےکہ ہمارے پاس اس وقت 70 سے 96 گھنٹے دستیاب ہیں، سرچ آپریشن کا علاقہ کافی دور دراز ہے، اس سرچ آپریشن میں ایک آبدوز اور دو ہوائی جہاز حصہ لے رہے ہیں۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہےکہ لاپتہ آبدوز میں 5 افراد کی گنجائش تھی اور اس میں 5 افراد ہی سوار تھے، ان افراد میں 2 پاکستانیوں سمیت ایک برطانوی ارب پتی بھی شامل ہیں جبکہ دیگر دو عملے کے افراد میں آبدوز کے پائلٹ اور ایک تکنیکی ماہر موجود ہیں۔