کیف: یوکرین کی فضائیہ نے ہفتے کے روز کہا کہ دو طیاروں کے حادثے میں یوکرین کے تین پائلٹ ہلاک ہو گئے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق ایک مشہور پائلٹ جن کی کال سائن یعنی پکارنے والا نام 'جوس' تھا، وہ بھی مرنے والے پائلٹوں میں شامل ہیں۔ یہ واقعہ جمعہ 25 اگست کو کیف سے تقریباً 140 کلومیٹر (87 میل) مغرب میں زیتومیر شہر کے قریب پیش آیا۔ فضائیہ کے مطابق دو L-39 جنگی تربیتی طیارے عملہ سمیت جنگی مشن کو انجام دینے کے دوران فضا میں ہی باہم ٹکرا گئے۔
فضائیہ کی جانب سے مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ 'یہ ہم سب کے لیے ایک دردناک اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔ سی این این کے مطابق، جوس مگ 29 کے پائلٹ تھے اور 'گھوسٹ آف کیف' نام کی یونٹ کا حصہ تھے، انہوں نے جنگ کے آغاز میں وسطی اور شمالی یوکرین کی حفاظت کی تھی۔ گذشتہ سال سی این این کے اینڈرسن کوپر کے ساتھ ایک انٹرویو میں، جوس نے کہا کہ انہیں ان کا عرفی نام امریکہ کے دورے کے دوران ملا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کے دوستوں نے اسے یہ عرفی نام اس لیے دیا کیونکہ وہ شراب نہیں پیتا تھا اور اس کی جگہ پر ہمیشہ جوس مانگتا تھا۔
جوس نے جون میں سی این این سے دوبارہ بات کی اور کہا کہ ان کا خیال ہے کہ مغربی ممالک کے لیے یوکرین کو امریکی لڑاکا طیارے فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جوابی حملہ زمین پر لڑ رہے ہمارے لوگوں کے لیے زیادہ موثر ثابت ہوگی۔ یوکرین کے اسٹیٹ بیورو آف انویسٹی گیشن (SBI) کی جانب سے حادثے کے حالات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔