کیلیفورنیا:امریکہ میں پیر کو کیلیفورنیا ہائی وے 101 پر متعدد گاڑیوں کے ٹکرانے سے کم از کم تین افراد ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ کیلیفورنیا ہائی وے پٹرول ٹیم نے یہ معلومات دی۔ حکام نے بتایا کہ کل دیر رات چھ گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ انہوں نے کہا کہ شمال کی طرف جانے والا ایک پک اپ ٹرک سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا تھا۔ جس کے بعد گاڑیاں یکے بعد دیگرے آپس میں ٹکراتی چلی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ چار دیگر کاریں پک اپ ٹرک سے ٹکرا گئیں۔ حکام کے مطابق جیسے ہی تین ڈرائیور اپنی گاڑی سے باہر نکلے تو ایک اور کارحادثہ کا شکار ہوگئی، جس سے دوکاریں آپس میں ٹکراگئیں اورتین افراد ہلاک ہوگئے۔ سڑک حادثے میں پانچ زخمیوں کو مقامی اسپتال لے جایا گیا۔
حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور ہلاک شدگان کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔ کیلیفورنیا کے محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے مطابق، تقریباً نو گھنٹے تک بند رہنے کے بعد شمالی اور جنوب کی طرف جانے والی لین کو دوبارہ کھول دیا گیا۔ واضح رہے کہ تین ہفتے قبل کیلیفورنیا میں کار کو ٹکر مارنے والا بھارتی شخص کو قتل کا مجرم قرار دے دیا گیا۔ اس واقعے میں تین نوجوان ہلاک ہو گئے تھے۔ پریس انٹرپرائز کی رپورٹ کے مطابق 45 سالہ انوراگ چندر کو جمعہ کے روز کیلیفورنیا کی ایک ریور سائیڈ عدالت میں تین نوجوانوں کی موت کے معاملے میں قصوروار پایا گیا۔ پولیس کے مطابق، چندرا نے 64 کلومیٹر فی گھنٹہ کے زون میں تقریباً 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلائی تھی۔