تل ابیب:غزہ پر اسرائیلی بمباری میں مہلوکین کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ہزاروں لوگ زخمی ہیں۔ ایسے میں غزہ کےاسپتالوں کے مطابق، 24 گھنٹوں سے بھی کم عرصے میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 20 بچوں سمیت کم از کم 256 افراد ہلاک اور 1,788 زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر کے تل الحوا اور ہلال احمر کے القدس اسپتال کو نشانہ بنایا جہاں سیکڑوں خاندان اسرائیلی بمباری سے تحفظ کے لیے پناہ لیے ہوئے تھے۔ وفا نے رپورٹ کیا کہ بمباری نے پوری پٹی میں درجنوں مکانات اور رہائشی عمارتیں بھی تباہ کر دیے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جنوب میں ناصر اور ابو یوسف النجار اسپتال حملوں سے تباہ ہونے کے بعد زخمیوں کا علاج کرنے کے قابل نہیں رہے۔
ان حالات میں دنیا بھر میں لوگ فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کی خلاف سڑکوں پر مظاہرے کررہے ہیں۔ نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی جبکہ سٹی یونیورسٹی نیویارک کے طلبا بھی فلسطینیوں کی حمایت میں نکلے۔ ریلی میں طلباء نے فری فلسطین کے نعرے لگائے۔ برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں بھی فلسطین میں اسرائیلی بمباری کے خلاف مظاہرہ کیا گیا جس میں مختلف رنگ و نسل کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور فلسطینیوں پر ہورہےمظالم کے خلاف آواز اٹھائی۔ اٹلی میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاج کیا اور سڑکوں پر آگئے جبکہ جرمنی کے شہر میونخ میں پابندی کے باوجود سینکڑوں افراد اسرائیل کے حملوں کے خلاف سراپا احتجاج رہے۔