کابل:افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یو این اے ایم اے) کے قائم مقام سربراہ رمیز الکابروف نے پیر کو طالبان پر زور دیا کہ وہ افغان خواتین کو غیر سرکاری تنظیموں میں کام کرنے سے روکنے کے اپنے فیصلے کو واپس لے۔ الکابروف نے اس مسئلے پر بات چیت کے لیے پیر کو کابل میں افغانستان کے وزیر اقتصادیات محمد حنیف سے ملاقات کی۔ مشن نے ٹویٹر پر لکھاکہ "یواین اے ایم اے کے قائم مقام سربراہ رمیز الکباروف نے آج کابل میں طالبان کے وزیر اقتصادیات محمد حنیف سے ملاقات کی اور این جی او اور آئی این جی او کے انسانی ہمدردی کے کاموں سے خواتین پر پابندی کے فیصلے کو واپس لینے کی درخواست کی۔" Ramiz Alakbarov on Taliban
یو این اے ایم اے نے یہ بھی کہا کہ خواتین تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کو ہٹانا ضروری ہے کیونکہ "لاکھوں افغانوں کو انسانی امداد کی ضرورت ہے"۔ اس سے قبل ہفتہ کو افغان میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ طالبان حکومت نے افغانستان میں تمام مقامی اور بین الاقوامی این جی اوز کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی خواتین ملازمین کا کام اگلے نوٹس تک معطل کر دیں۔ گزشتہ ہفتے طالبان حکومت کے ماتحت افغان وزارت تعلیم نے بھی نجی اور سرکاری اعلیٰ تعلیمی اداروں میں خواتین کی تعلیم کو معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔