دمشق: اسرائیل کی جانب سے ایک ہی ہفتے میں دوسری مرتبہ حلب کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد شام کی وزارت خارجہ نے شہری آبادی پر اسرائیلی فضائی حملوں کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دے دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مطابق وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فضائی بمباری کی وجہ سے ایئرپورٹ کے رن وے اور سروسز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔Israeli Strikes on Aleppo Airport
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اسرائیل کی جانب سے فضائی حملے میں شام کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا اور حال ہی میں اس میں حلب انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی نشانا بنایا گیا، ایسے حملے بین الاقوامی قوانین کے مطابق جارحیت اور جنگی جرائم کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو ان حملوں کا جواب دینا ہو گا۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق دشمن ملک اسرائیل نے بحیرہ روم سے حلب کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر میزائل حملے کیے جس کی وجہ سے رن وے کو شدید نقصان پہنچا۔
شام کی خبر رساں ایجنسی نے اس سے قبل بتایا کہ شام کے دفاعی نظام نے کئی میزائلوں کو ناکام بنایا جبکہ مالی نقصانات کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں، دوسری جانب شام کی نجی ایئرلائن چام ونگ نے اعلان کیا کہ اسرائیل حملوں کی وجہ سے حلب جانے والی تمام پروازوں کو دارالحکومت دمشق کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: