برلنگٹن، وی ٹی: ورمونٹ میں چہل قدمی کے لیے نکلنے تین فلسطینی نژاد طلبہ پر فائرنگ کے معاملے کی ممکنہ نفرت انگیز جرم کے طور پر تحقیقات کی جا رہی ہے۔ سنیچر کو ایک سفید فام شخص نے انہیں شہر کی ایک سڑک پر قریب سے گولی مار دی تھی۔ تینیوں فلسطینی نژاد طلبہ حملے میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اس حملے کا ملزم 48 سالہ جیسن پولیس کی گرفت میں ہے۔ جیسن جے ایٹن کو قتل کی کوشش کے الزام کے تحت جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ پیر کو اس کی جانب سے بے قصور ہونے کی درخواست داخل کی گئی ہے۔ عدالت نے ملزم جیسن جے ایٹن کو بغیر ضمانت کے گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے کہا کہ امریکی محکمہ انصاف، ریاستی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا اسرائیل اور حماس کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے امریکہ بھر میں یہودی، مسلم اور عرب کمیونٹیز کے خلاف خطرات میں اضافے کے درمیان سنیچر کو ہونے والی فائرنگ نفرت انگیز جرم تھی یا نہیں۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ "ملک بھر کی کمیونٹیز میں قابل فہم خوف ہے۔"