سرینگر (نیوز ڈیسک) :جیل میں قید پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کو برقرار رکھنے کے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے مسئلہ کشمیر مزید پیچیدہ ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گیارہ دسمبر پیر کو متفقہ طور پر مرکزی حکومت اور صدر جمہوریہ کے اگست 2019 کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے دفعہ 370کو عارضی قرر دیا۔ دفعہ 370کی وجہ سے جموں کشمیر کو آئین کے تحت خصوصی تحفظ حاصل تھا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید عمران خان نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’’بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔‘‘ عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر ایک پوسٹ میں خان کے حوالہ سے ان باتوں کا اظہار کیا۔ خان نے یہ واضح کیا کہ ’’بھارتی سپریم کورٹ کا متنازعہ اور غیر قانونی فیصلہ دہائیوں سے جاری تنازعہ کو حل کرنے میں مدد دینے کے بجائے مسئلہ کشمیر کو مزید پیچیدہ کر دے گا۔‘‘