اسلام آباد:پاکستان کے صوبہ خیرپختونخوا کے شمالی وزیرستان علاقے میں ایک دہشت گردانہ واقعہ کے نتیجے میں چار فوجی شہید ہوگئے۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے علاقے میں فوجی قافلے پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 4 فوجی شہید ہو گئے ہیں۔Suicide attack on military convoy in Pakistan
ہلاک فوجیوں کی شناخت مانسہرہ کے رہائشی 22 سالہ لانس نائیک شاہ زیب، غذر سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ لانس نائیک سجاد، کوہاٹ کے رہائشی 25 سالہ سپاہی عمیر اور نارووال کے رہائشی 30 سالہ سپاہی خرم کے نام سے ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں نے خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کے بارے میں تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 'پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔' حالیہ مہینوں میں قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے اور مشتبہ دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپیں معمول بن چکی ہیں۔