قاہرہ: سوڈان میں پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) نے سات روزہ جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ اطلاع آر ایس ایف کے لیڈر محمد حمدان دقلو کے مشیر یوسف عزت نے دی۔ قبل ازیں منگل کے روز جنوبی سوڈان کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ سوڈانی مسلح افواج اور آر ایس ایف کے لیڈروں نے 4 سے 11 مئی تک جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ بیان کے مطابق، سوڈانی فوج کے کمانڈر انچیف جنرل عبدالفتاح البرہان اور آر ایس ایف کے لیڈر دقلو نے مذاکرات شروع کرنے کے لیے اپنے نمائندوں کے نام پر اتفاق کیا۔ مشیر یوسف عزت نے العربیہ براڈکاسٹر کے ساتھ انٹرویو میں بتایا کہ سات روزہ جنگ بندی پر معاہدے کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہے۔ اس وقت ہم نے ایک ہفتے کی جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔
مشیر یوسف عزت نے زور دے کر کہا کہ آر ایس ایف سوڈان میں اندرونی تنازعات کو حل کرنے کے لیے تمام اقدامات کا خیر مقدم کرتا ہے۔ سوڈان کی وزارت صحت کے مطابق اس تنازعے میں اب تک کم از کم 550 افراد ہلاک اور 5000 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ وہیں سوڈان میں تیزی سے بگڑتے انسانی بحران کے پیش نظر اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گتیرس نے عالمی ادارہ کے ہنگامی امدادی کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتھس کو سوڈان روانہ کیا ہے۔ سوڈان کی وزارت صحت کے مطابق 15 اپریل کو سوڈانی فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورس کے درمیان جھڑپ شروع ہوا تھا۔