دارالسلام: تنزانیہ کے بندرگاہی شہر دارالسلام کے بنجامن مکاپا اسٹیڈیم میں اتوار کو بھگدڑ مچنے سے کم از کم ایک فٹبال پرستار ہلاک اور 30 دیگر زخمی ہوگئے۔ بھگدڑ اس وقت ہوئی جب تنزانیہ کے ینگ افریقینز اور الجزائر کے یو ایس ایم ایلجر کے درمیان سی اے ایف کنفیڈریشن کپ کے پہلے مرحلے کا فائنل دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں پہنچے فٹ بال شائقین نے ایک ایکسز گیٹ کو دھکا دے کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ وزیر صحت اُمّی موالیمو نے بھگدڑ میں ایک شخص کی موت اور متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ انہوں نے ٹویٹ کرکے کہا ’’محمبیلی نیشنل ہسپتال کے ہنگامی خدمات کے ماہرین کی ایک ٹیم پہلے ہی ٹیمیک ریجنل ریفرل ہسپتال سے رابطہ کر چکی ہے، اور زخمیوں کو لینے اور ان کی دیکھ بھال کے لیے پوری طرح تیار ہے۔‘‘
واضح رہے کہ یو ایس ایم ایلجر نے ینگ افریقین کو 2-1 سے شکست دے کر میچ جیتا۔ دوسرے مرحلے کا فائنل ایک ہفتے کے اندر الجزائر کے دارالحکومت الجزائر میں ہوگا۔ بتا دیں کہ اس سے قبل وسطی امریکی ملک ال سلواڈور کے ایک فٹبال اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 12 افراد ہلاک اور بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہو گئے تھے۔ سلواڈور فٹ بال حکام نے بتایا کہ اسٹیڈیم میں الیانزا ایف سی اور کلب ڈیپورٹیو ایف اے ایس کے درمیان میچ کے دوران بھگدڑ مچ گئی۔ بھگدڑ اسٹیڈیم کے داخلی راستوں پر دھکا مکی کے بعد پیش آیا۔ اسٹیڈیم کی گنجائش 44,000 تماشائیوں سے زیادہ ہے۔