کولمبو: سری لنکا میں عام معافی کا اعلان کیا گیا ہے جو گزشتہ برس ہنگاموں میں صدارتی محل سے چوری کیے گئے نوادارت واپس کرنے والے افراد کے لیے ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ برس سری لنکا میں تاریخ کے بدترین معاشی بحران کے باعث ہونے والے ملک گیر ہنگاموں کے دوران ہزاروں افراد نے صدارتی محل پر بھی دھاوا بول دیا تھا۔ اس افراتفری کے دوران سابق صدر گوٹابایا راجا پکسے محل کے پچھلے دروازے سے نکل کر ملک سے باہر فرار ہوگئے تھے، جب کہ ہنگامہ آرئی کے دوران وہاں سے نوادرات بھی چوری ہوئی تھیں اور سوشل میڈیا پر لوگوں کی ان نوادرات کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں سامنے آئی تھیں۔
بعد ازاں حکام نے صدارتی محل سے چوری ہونے والی اشیا کی تصاویر جاری کی تھیں جب کہ پولیس نے سوشل میڈیا پر صدارتی بیئر کے مگ، راجا پکسے کے جھنڈوں اور بیڈ شیٹ کی تصاویر پوسٹ کرنے والے تین افراد کو گرفتار بھی کیا تھا۔ تاہم کچھ مظاہرین نے اس وقت راجا پکسے کے کمرے سے ملنے والے 6 ہزار ڈالر پولیس کے حوالے کیے تھے اور عدالت نے سوال اٹھایا تھا کہ سابق صدر کے پاس یہ رقم کہاں سے آئی۔