رام اللہ: مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے چھاپوں کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں چھ فلسطینی جاں بحق اور 21 زخمی ہو گئے۔ خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ ہلاکتیں آج صبح ہوئیں جب بڑی تعداد میں اسرائیلی فوج نے نابلس شہر پر دھاوا بول دیا جہاں ان کا فلسطینی سکیورٹی فورسز اور مسلح جنگجوؤں سے سامنا ہوا۔ اسرائیلی فورسز نے اس کارروائی کا مقصد فلسطینی جنگجوؤں کے نئے اتحاد ’عرین الاسود‘ کو نشانہ بنانا قرار دیا۔Palestinians killed by Israeli forces
اسرائیل کے وزیراعظم یائر لیپڈ نے کہا ہے کہ نابلس شہر میں ہلاک ہونے والوں میں ودیع الحوج نامی عسکری لیڈر بھی شامل تھا جو فلسطینی جنگجووں کے نئے اتحاد ’عرین الاسود‘ کا سربراہ تھا۔
قبل ازیں فلسطین کی وزارت صحت نے 3 افراد کے جاں بحق ہونے جبکہ 19 کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی، بعدازاں مزید 2 فلسطینیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی گئی۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق چھاپے کے دوران احتجاجاً پتھراؤ کرنے والے چھٹے فلسطینی کو اسرائیلی فوجیوں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔