اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جو بھی ہو جائے عمران خان پارٹی کے سربراہ رہیں گے۔ ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے چیئرمین کی غیر موجودگی میں پارٹی کے معاملات کو دیکھتے ہوئے کہا کہ عمران خان پارٹی کے سربراہ رہیں گے چاہے جو بھی ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کی بنیاد ڈالی ہے اور بانی ہونے کے ناطے وہ ہمیشہ پارٹی کے سربراہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت میاں شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر ہیں، لیکن پارٹی کو نواز شریف اس کے قائد کے طور پر چلا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے ارکان شعیب شاہین، نعیم پنجوتھا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میٹنگ کا مقصد قانونی مقاصد کے لیے پاور آف اٹارنی پر دستخط کروانا اور درخواستیں دائر کرنا تھا، وفاقی کابینہ کے ارکان یہ دعویٰ کر کے جھوٹ بول رہے ہیں کہ عمران خان کو ’بی کلاس‘سہولیات دی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو وہ پروٹوکول نہیں دیا گیا جس کے وہ حقدار ہیں۔