تہران: ایران میں اسلامی انقلابی گارڈ کور کے جنرل قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی پر قبرستان کے قریب دو دھماکے ہوئے، جس میں کم از کم سو سے زائد افراد ہلاک اور 170 زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکے دارالحکومت تہران سے تقریباً 820 کلومیٹر جنوب مشرقی شہر کرمان میں جنرل قاسم سلیمانی کی قبر کے قریب ہوا۔ جنرل قاسم سلیمانی کی برسی کے لیے منعقدہ تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) سے منسلک ایک ایرانی نیوز سائٹ تسنیم نے بتایا ہے کہ پہلا دھماکہ قاسم سلیمانی کے مقبرے سے 700 میٹر کے فاصلے پر ہوا اور دوسرا دھماکہ مقبرے سے ایک کلومیٹر دور ہوا۔ اب تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ دھماکے خودکش تھے یا گیس لیکیج کے باعث ہوئے۔ امریکہ نے جنوری 2020 میں بغداد ایئرپورٹ پر ڈرون حملے میں جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کردیا تھا۔