ٹیگوسیگالپا: وسطی امریکی ملک ہنڈوراس کے شہر چولوما کے علاقے میں ایک بلیئرڈ ہال میں فائرنگ کے واقعے کے بعد کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جس میں 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کی رات کچھ مسلح افراد بلیئرڈ ہال میں گھس آئے اور فائرنگ شروع کر دی۔ اس حملے میں ایک خاتون سمیت گیارہ افراد ہلاک جب کہ تین زخمی ہوئے ہیں۔ ہنڈوراس کے صدر آیرس زیومارا کاسترو سارمینٹو نے خطے میں کرفیو کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ ہنڈوراس دنیا کے ٹاپ 5 ممالک میں شامل ہے جہاں جرائم کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ ہنڈوراس میں جرائم کی شرح 75 فیصد کے قریب ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 21 جون کو امریکی ملک ہنڈوراس میں خواتین کی جیل میں ہونے والے ہنگامے میں کم از کم 41 خواتین ہلاک ہو گئیں تھی۔ غیر قانونی سرگرمیوں کے معاملے پر دو گروہوں کے درمیان تشدد میں کئی قیدی جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ پولیس حکام نے یہ جانکاری دی۔ ہنڈوراس کی نیشنل پولیس انویسٹی گیشن ایجنسی کے ترجمان یوری مورا نے کہا کہ زیادہ تر متاثرین جھلس گئے تھے جبکہ دیگر کو گولیاں ماری گئی تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کم از کم سات خواتین قیدیوں کو گولی باری اور چاقو سے زخمی ہونے کے بعد علاج کے لیے ٹیگوسیگالپا اسپتال میں داخل کرایا گیا۔