ساؤ پالو:برازیل کی ساؤ پالو ریاست کے ساحل پرشدید بارش کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں اتوار کو کم از کم 36 افراد ہلاک ہو گئے۔ ریاستی حکومت نے ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ مقامی ٹیلی ویژن چینل گلوبونیوز نے اطلاع دی ہے کہ متاثرین میں ایک سات سالہ بچی بھی شامل ہے جو گھر پر پتھر گرنے سے اور ایک خاتون درخت گرنے سے ہلاک ہوئی۔ ساؤ پالو سے کئی ساحلی شہروں میں کارنیول کی تقریبات ملتوی کر دی گئی ہیں۔ برازیل کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اس ہفتے تقریبات کی وجہ سے سیاحوں سے بھر گئی ہے۔
آفت زدہ علاقے کا دورہ کرنے والے ساؤ پالو کے گورنر ٹارسیسیو ڈی فریٹاس نے کہا کہ ہم مسلح افواج کی امدادی ٹیم کو ان مقامات تک پہنچنے میں مدد کے لئے بھیج رہے ہیں جہاں متاثرین ہو سکتے ہیں۔ طوفان نے بنیادی طور پر ساؤ سیبسٹیاؤ، اوباتبا، بارٹیئوگا، گواروجا، الہابیلا اور سینٹوس کو متاثر کیا۔ ساؤ سیبسٹیاؤ کی مقامی حکومت نے تباہی کی حالت کا اعلان کیا کیونکہ لینڈ سلائیڈنگ اور تباہ شدہ سڑکوں نے ہائی ویز کو بند کر دیا اور امدادی کارکنوں کو شہر کے متاثرہ علاقوں تک پہنچنے سے روک دیا۔