میکسیکو سٹی: وسطی میکسیکو کی ریاست کے دارالحکومت ٹولوکا میں خوردہ غذائی اجناس تقسیم کرنے والے ایک مرکز میں زبردست آگ لگنے سے کم از کم نو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔ مقامی حکام نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ ریاست کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیر کی صبح ’’کمرشل ویئر ہاؤس نمبر سات‘‘ میں لگنے والی آگ نے کئی کاروباروں کو متاثر کیا۔ آگ کی زد میں آنے سے نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
پراسیکیوٹر کے دفتر نے کہا کہ ابتدائی رپورٹوں سے معلوم ہوا ہے کہ کئی مسلح مشتبہ افراد علاقے میں نامعلوم مادہ چھڑکنے کے لیے داخل ہوئے تاکہ دھماکے اور آگ لگائی جا سکے۔ یہ تمام ملزمان واردات کے بعد گاڑی میں فرار ہو گئے۔ دفتر نے کہا کہ پہلے بھی دھمکیوں اور سائٹ کو نشانہ بنانے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس واقعے کا تعلق ’کاروبار کے کنٹرول کے لیے اندرونی جدوجہد‘ سے ہو سکتا ہے۔ فارنسک ماہرین لاشوں کی شناخت کر رہے ہیں جن میں تین نابالغ بھی شامل ہیں۔ ایجنسی نے کہا کہ تقسیم کا مرکز 630,000 مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں تقریباً 40,000 افراد کام کرتے ہیں۔ یہ 1994 میں قائم کیا گیا تھا اور اس میں تقریباً 2,000 گودام اور کاروبار ہیں۔