اسلام آباد: پاکستانی فوج نے بدھ کی رات ملک کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے ضلع زیارت میں ایک آپریشن میں نو شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے میڈیا ونگ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے پاکستان فوج کے ایک لیفٹیننٹ کرنل اور اس کے چچا زاد بھائی سمیت دو مغوی افراد کو رہا کرنے کے لیے یہ آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کی رات 10 سے 12 شدت پسندوں کے ایک گروپ نے لیفٹیننٹ کرنل لائق بیگ مرزا اور ان کے چچازاد بھائی کو اس وقت اغوا کرلیا جب وہ ورچھم میں واقع ایک سیاحتی مقام کا دورہ کرکے واپس کوئٹہ آرہے تھے۔
آئی ایس پی آرنے کہا، ’’اس بارے میں اطلاع ملتے ہی فرار ہوچکے شدت پسندوں کا تعاقب کرنے کے لئے آرمی ریپڈ ری ایکشن فورس کو فوری طور پر بھیجا گیا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستانی فوج کے اسپیشل سروسز گروپ کے کمانڈو کو شامل کرکے سرچ آپریشن بھی شروع کیا گیا تھا۔