باکو: نگورنو کاراباخ میں گیس اسٹیشن میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ علاقے سے آرمینیائی نسل کے باشندوں کی نقل مکانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق نگورنو کاراباخ کے محکمہ صحت نے بتایا کہ 13 لاشیں ابھی تک برآمد ہوئی ہیں اور سات افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں ہی دم توڑ دیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 290 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں پر درجنوں مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
رپورٹ کے مطابق جہاں دھماکہ ہوا وہاں پر اسٹیشن کا استعمال ان لوگوں کو ایندھن دینے کے لیے کیا جاتا تھا جو اپنی گاڑیوں کے ذریعے علاقہ چھوڑنا چاہتے تھے اور جس وقت دھماکہ ہوا وہاں سینکڑوں افراد جمع تھے۔ آرمینیا کی محکمہ صحت کی وزارت نے کہا کہ طبی عملے کی ایک ٹیم متاثرین کی مدد کے لیے ضروری ادویات اور طبی سامان لے کر ہیلی کاپٹر کے ذریعے یریوان سے اسٹیپاناکرت کی طرف روانہ ہوگئی ہے۔ یہ حادثہ ایک ایسے وقت ہوا جب لوگ علاقے سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، آرمینیا کا کہنا ہے کہ متنازع علاقے سے 13,350 بے گھر افراد ملک میں داخل ہوئے اور حکومت نے یہ بھی کہا کہ وہ تمام ضرورت مندوں کے لیے رہائش فراہم کرے گی۔ آذربائیجان کی صدارتی انتظامیہ نے بھی کہا کہ دارالحکومت باکو سے زخمیوں کے لیے برن ریلیف کٹس، ڈریسنگز، دستانے اور ادویات کے ساتھ ایک ایمبولینس اسٹیپانکرٹ پہنچائی گئی۔