خرطوم: سوڈان کی راجدھانی خرطوم کے مغرب میں واقع اومدرمان شہر کے ایک محلے میں منگل کو فضائی اور توپخانے کے حملوں میں کم از کم 16 شہری ہلاک ہوگئے۔ ایک مزاحمتی کمیٹی نے یہ اطلاع دی۔ نوجوانوں کے ایک مقبول گروپ اومباڈا کی مزاحمتی کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اومدرمان میں ’’اومباڈا محلے میں اس غیر جنگ میں عام شہری مارے گئے‘‘۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حملوں کی وجہ سے اومدرمان کے مقامی بازار سوق لیبیا میں کئی دیگر زخمی بھی ہوئے۔ دریں اثنا، اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سوڈان میں انسانی حالات مکمل تباہی میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
سوڈان میں اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے کوآرڈینیٹر کلیمینٹائن انکیٹا -سلامی نے منگل کو ایک بیان میں کہا’’سوڈان میں جنگ کے آغاز کے کل کو 100 دن پورے ہو گئے، ایک ایسا بحران جس نے ایک سنگین انسانی صورتحال کو ایک مکمل تباہی میں بدل دیا۔‘‘ بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی برادری سوڈان کے لوگوں کی حمایت کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے اور انتہائی مشکل حالات میں مدد فراہم کرنے کے لیے زبردست اور دلیرانہ کوششیں کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے اہلکار نے کہا ’’پھر بھی امدادی کارکن تشدد اور بدسلوکی کی ہولناک کارروائیوں سے محفوظ نہیں ہیں‘‘۔