ریاض: سعودی شہریوں کو سنگاپور حکومت نے بڑی خوشخبری سنادی، سعودی شہری آئندہ ماہ سے سنگاپور میں بغیر ویزہ داخل ہوسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سنگاپور حکام نے سعودی شہریوں کے لیے ویزہ فری انٹری کی منظوری دے دی ہے مذکورہ سہولت انہیں یکم جون 2023 سے میسر ہوگی۔سعودی ادارے عاجل ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض میں قائم سنگاپور کے سفارت خانے نے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سنگاپور امیگریشن اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ سعودی شہری ویزا فری انٹری کرسکتے ہیں۔بیان کے مطابق سعودی شہریوں کو یکم جون 2023 سے سنگاپور جانے کے لیے ویزہ حاصل کرنا ضروری نہیں ہوگا۔
سنگاپور حکام نے توجہ دلائی ہے کہ سعودی ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کو پہلے ہی سے انٹری ویزے سے استثنیٰ حاصل ہے تاہم جو سعودی شہری یکم جون سے قبل سنگاپور جائیں گے انہیں سفر سے قبل ویزہ حاصل کرنا ہوگا۔سنگاپور امیگریشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جو لوگ استثنیٰ کے فیصلے سے قبل سنگاپور کا ویزہ حاصل کرچکے ہیں یا ویزہ حاصل کرنے کے لیے فیس جمع کراچکے ہیں انہیں ویزہ فیس واپس نہیں ملے گی۔