ریاض: سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں کے حوالے سے نیا اعلان کردیا گیا، 96 گھنٹوں کے ویزے پر عمرہ بھی کیا جاسکے گا۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) کے ترجمان عبد اللہ الشہرانی کا کہنا ہے کہ سیاحت اور عمرے کی غرض سے سعودی عرب آنے والوں کے لیے ویزے کی سہولت جلد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مملکت آنے کے لیے ٹکٹ خریدتے وقت 96 گھنٹے کا ویزا جاری کروایا جا سکے گا۔
ترجمان کے مطابق سعودی وژن 2030 کے تحت السعودیہ کی پروازوں کے مسافروں کو ٹکٹ خریدتے وقت سیاحتی ویزا جاری کروانے کی سہولت دی جائے گی۔ اس حوالے سے ڈیجیٹل سسٹم کو جلد مؤثر کیا جائے گا، سعودی وژن کے مطابق مملکت زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاحوں کو اپنے ہاں آنے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیاحتی ویزے کا دورانیہ چار دن کا ہوگا، اس پر عمرہ بھی کر سکتے ہیں، تقریبات اور پروگراموں میں شرکت کی جا سکتی ہے۔ سعودی عرب کے کسی بھی شہر آ جا سکتے ہیں۔