نئی دہلی: روس کے نائب وزیر اعظم ڈینس مانتوروف پیر کو نئی دہلی پہنچ گئے۔ وہ بین الحکومتی روسی-انڈین کمیشن کے شریک سربراہ کے طور پر بھارت آئے ہیں۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ ڈینس مانتوروف روس کے وزیر صنعت و تجارت بھی ہیں۔ بھارت میں روسی سفارت خانے نے ٹویٹ کیا کہ ڈینس مانتوروف دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے مقصد سے بھارت کے دورے پر ہیں۔ اپنے دورے کے پہلے دن وہ تجارت، اقتصادی، سائنسی، تکنیکی اور ثقافتی تعاون (IRIGC-TEC) سے متعلق 24ویں بھارت-روس بین الحکومتی کمیشن کی شریک صدارت بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ IRIGC-TEC اقتصادی تعاون کی نگرانی کا اہم ادارہ جاتی طریقہ کار ہے۔ یہ اقتصادیات، تجارتی تعاون، جدید کاری، صنعتی تعاون، توانائی، سیاحت اور ثقافت، سائنس اور ٹیکنالوجی اور آئی ٹی پر چھ ورکنگ گروپس کو مربوط کرتا ہے۔ بھارت میں روسی سفارت خانے کی جانب سے ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ بین الحکومتی کمیشن (IGC) کی میٹنگ منگل کو ہوگی، جس کے بعد شریک چیئرمین 24ویں آئی جی سی اجلاس کے حتمی پروٹوکول پر دستخط کریں گے۔