سمرقند: روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے جمعرات کو ازبکستان کے سمرقند میں اپنے چینی ہم منصب کن گینگ کے ساتھ بات چیت کی۔ روس کی وزارت خارجہ نے ٹوئٹر پر بتایا کہ لاوروف اور چین کے وزیر خارجہ کن گینگ نے 13 اپریل کو سمرقند میں بات چیت کی۔ دراصل روسی وزیر خارجہ لاوروف، چینی وزیر خارجہ کن گینگ نے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کے ساتھ سمرقند میں افغانستان کے پڑوسی ممالک کی وزارتی کانفرنس میں شرکت کی۔ اس اجلاس میں تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے اعلیٰ سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔
میٹنگ سے پہلے ذرائع نے بتایا کہ رہنما افغانستان کے سیاسی تصفیے میں سہولت کاری کے لیے مزید اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ افغانستان میں انسانی اور سماجی و اقتصادی صورتحال کے استحکام اور علاقائی اقتصادی انضمام کی ترقی اور ٹرانسپورٹ و توانائی کے منصوبوں پر عمل درآمد کے بارے میں بھی بات کریں گے۔ واضح رہے کہ لاوروف نے اس سے قبل اسی سال مارچ میں نئی دہلی میں جی ٹوئنٹی وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے موقع پر کن گینگ سے ملاقات کی تھی۔