روس یوکرین جنگ میں حالیہ دنوں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے، پوپ فرانسس نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے جنگ ختم کرنے اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے امن کے لیے سنجیدہ تجاویز کے لیے کھلے رہنے کی اپیل کی۔Russia Ukraine War
پوپ فرانسس نے کہا کہ میری اپیل سب سے پہلے روسی فیڈریشن کے صدر سے ہے، ان سے التجا ہے کہ اپنے لوگوں کی خاطر تشدد اور موت کے اس لہر کو روک دیں۔ انہوں نے جو جارحیت کا سامنا کیا ہے اس کے نتیجے میں، میں یوکرین کے صدر سے اتنی ہی اعتماد کے ساتھ اپیل کرتا ہوں کہ وہ امن کے لیے سنجیدہ تجاویز کے لیے کھلے رہیں۔ یہ تقریر پوپ فرانسس نے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں عوامی خطاب کے دوران دی۔ انہوں نے جنگ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یوکرین میں جنگ کا رخ سنگین، تباہ کن اور دھمکی آمیز ہو گیا ہے۔
فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے پوپ نے کہا کہ میں حالیہ دنوں میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر شدید افسوس کا اظہار کرتا ہوں، بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے خلاف مزید اقدامات سے جوہری کشیدگی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جیسے جیسے یہ طول پکڑتا ہے دنیا بھر میں بے قابو اور تباہ کن نتائج کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔ پوپ نے جنگ کو انسانیت کے لیے ایک خوفناک اور ناقابل تلافی زخم قرار دیا، اور کہا کہ جنگ مندمل ہونے کے بجائے اور بھی زیادہ خون بہا رہی ہے، جس سے مزید پھیلنے کا خطرہ ہے۔