انقرہ: ترکی کی وزارت دفاع کے مطابق جولائی کے آخر میں روس یوکرین اناج معاہدے Russia Ukraine grain agreement کے بعد سے اب تک یوکرین کی بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے کل 6,22,000 ٹن اناج بھیجا جا چکا ہے۔ وزارت نے ٹویٹر پر کہا کہ 25 بحری جہاز یوکرین کی بندرگاہوں سے اناج برآمد کرنے کے لیے روانہ ہوئے، جب کہ یکم اگست سے 18 جہاز بندرگاہوں میں داخل ہو چکے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ترکی اور اقوام متحدہ نے جولائی کے آخر میں روس اور یوکرین کو اناج کی برآمدات پر ایک معاہدے پر دستخط کرنے میں مدد کی جس کے ساتھ ہی فروری میں ماسکو کے حملے کے بعد سے یوکرین کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کو توڑ دیا گیا۔
بحیرہ اسود میں اناج کی برآمدات کی نگرانی کے لیے استنبول کے ایک مشترکہ رابطہ مرکز میں بحری جہازوں کا معائنہ بین الاقوامی ٹیم کے ذریعے کیا جارہا ہے۔ اناج پر انحصار کرنے والے بہت سے ممالک کے لیے یوکرین سے کھیپ اہم سمجھی جاتی ہے، جسے یورپ کی روٹی باسکٹ کہا جاتا ہے۔ بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ایشیا، افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے غریب ممالک کے کئی خطوں میں شدید قلت کا خدشہ پیدا کر دیا ہے۔ جب سے روس نے اپنے پڑوسی ملک پر حملہ کیا اور ملک کی بندرگاہیں بند کیں، لاکھوں ٹن اناج یوکرین کی بندرگاہوں میں پھنس گیا۔ یوکرین نے روسی حملے کے خوف سے بندرگاہ کو بندکر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: