ماسکو: روس کی خلائی ایجنسی کے نئے مقرر کردہ چیف نے صدر ولادیمیر پوتن کو بتایا کہ روس نے 2024 کے بعد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن International Space Station سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان یوکرین میں روس کی جانب سے فوجی مداخلت کے ردعمل میں ماسکو پر عائد سخت پابندیوں کے نتیجے میں روس اور مغربی ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے کشیدگی کے بعد سامنے آیا ہے۔
روس اور امریکہ نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر شانہ بشانہ کام کیا ہے جو 1998 سے مدار میں ہے۔ جولائی کے وسط میں روسکوسموس کے سربراہ تعینات ہونے والے یوری بوریسوف نے صدر پوتن کو بتایا کہ ’یقیناً ہم اپنے شراکت داروں کے لیے اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کریں گے لیکن 2024 کے بعد اس اسٹیشن کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ اس وقت تک ہم ایک روسی آربٹل اسپیس اسٹیشن کی تیاری پر کام شروع کردیں گے‘ جسے انہوں نے روسی خلائی پروگرام کی بنیادی ترجیح قرار دیا، جواب میں ولادیمیر پوتن نے اس خیال کی تائید کی۔
فوجی پس منظر کے حامل سابق نائب وزیر اعظم یوری بوریسوف نے دمتری روگوزین کی جگہ یہ عہدہ سنبھالا ہے جو ایک قوم پرست سیاست دان ہیں اور اپنے طنزیہ بیانات اور عجیب رویے کے سبب مشہور ہیں۔ اب تک خلائی تحقیق ان چند شعبوں میں سے ایک تھی جس میں یوکرین اور دیگر معاملات پر کشیدگی کے باوجود روس کا امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ تعاون متاثر نہیں ہوا تھا۔