اردو

urdu

ETV Bharat / international

Poland missile strike پولینڈ میں میزائل حملہ، روس نے ملوث ہونے کے الزام کو مسترد کردیا - پولینڈ میں میزائل

امریکی صدر جو بائیڈن نے پولینڈ میں میزائل حملوں میں روس کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ روس نے بھی اس دھماکے کی تردید کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیزی قرار دیا، جبکہ یوکرین پولینڈ کی سرزمین پر حملے کے لیے ماسکو کو ذمہ دار ٹھہرا رہا ہے۔ Poland missile strike

Poland missile strike
پولینڈ میں میزائل حملہ

By

Published : Nov 16, 2022, 8:10 PM IST

وارسا: پولینڈ میں میزائل حملے کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، امریکی صدر جو بائیڈن نے میزائل حملوں میں روس کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولینڈ کی وزارت خارجہ نے کہا کہ میزائل یوکرین کی سرحد سے تقریباً 6 کلومیٹر (4 میل) کے فاصلے پر واقع گاؤں میں گرا، روس نے پولینڈ میں حملے کا الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیزی قرار دیا تھا۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ جان بوجھ کر کی جانے والی اشتعال انگیزی کا مقصد صورتحال کو خراب کرنا ہے۔

تاہم تحقیق کے بعد پولینڈ کے صدر کا کہنا ہے کہ پولینڈ پر میزائل حملہ ممکن ہے کہ یوکرین کے میزائل شکن دفاعی نظام کا حصہ تھا۔ پولش صدر نے کہا کہ اس بات کا قطعی طور پر کوئی اشارہ نہیں ہے کہ ایک میزائل جو پولینڈ کے کھیتوں میں گرا، جس میں دو افراد ہلاک ہوئے، یہ نیٹو ملک پر جان بوجھ کر کیا گیا حملہ تھا۔ پولینڈ کے صدر آندریج ڈوڈا نے کہا کہ یوکرینی دفاع اپنے میزائلوں کو مختلف سمتوں میں داغ رہا تھا اور قوی امکان ہے کہ ان میں سے ایک میزائل بدقسمتی سے پولینڈ کی سرزمین پر گرا ہے۔

نیٹو کے سیکرٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے بھی برسلز میں فوجی اتحاد کے اجلاس میں پولینڈ کے اس جائزے سے اتفاق کیا اور کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات جاری ہے اور ہمیں اس کے نتائج کا انتظار کرنے کی ضرورت ہے۔ اسٹولٹن برگ نے صحافیوں کو بتایا کہ لیکن ہمارے پاس کوئی ایسا اشارہ نہیں ہے کہ یہ جان بوجھ کر حملے کا نتیجہ تھا۔ ابتدائی نتائج امریکی صدر جو بائیڈن اور یوکرین کے دیگر مغربی حامیوں کی جانب سے تحقیقات میں اپنا وزن ڈالنے اور روس کے بار بار اس دعوے کے بعد سامنے آیا کہ اس نے میزائل فائر نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: Russia Ukraine War پولینڈ میں میزائل گرنے سے دو افراد ہلاک

وہیں یوکرین، پولینڈ میں دھماکے کی جگہ تک فوری رسائی کی درخواست کر رہا ہے اور کہا ہے کہ وہ ثبوت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے کہ اس حملے کا ذمہ دار روس ہے۔ کیف نے مزید تفصیلات بتائے بغیر الزام لگایا کہ اس کے پاس پولینڈ کے ایک گاؤں میں ہونے والے دھماکے کے لیے روسی سراغ کے ثبوت موجود ہیں۔

یوکرین کی قومی سلامتی اور دفاعی کونسل کے سیکرٹری اولیکسی نے ٹویٹر پر کہا کہ ہم پولینڈ میں میزائل کے گرنے کے واقعے کی مشترکہ جانچ کی وکالت کرتے ہیں۔ ہم روسی سراغ کے ثبوت حوالے کرنے کے لیے تیار ہیں جو ہمارے پاس ہیں۔ ہم اپنے شراکت داروں سے معلومات کی توقع کر رہے ہیں، جس کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ یہ ایک فضائی دفاعی میزائل ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ 9 ماہ سے یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کی صورتحال ہے، یوکرین کے مطابق 15 نومبر کو روس کی جانب سے یوکرین پر میزائل سے حملے کیے گئے جو گزشتہ 9 ماہ کے سب سے بڑے حملوں میں سے ایک ہے۔ نیٹو کے ارکان آرٹیکل 5 کے تحت مشترکہ طور پر سرزمین کا دفاع کرنے کا عزم رکھتے ہیں البتہ اگر حملے میں روس کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوگئی تو روس اور یوکرین کے درمیان تنازع میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details