انقرہ: ترکیہ میں ریسکیو ٹیمیں منہدم عمارتوں کے ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں لیکن ان کے بچنے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔ ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (AFAD) کے مطابق ملک میں تباہ کن زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 17,674 ہو گئی ہے۔ اور متاثرہ صوبوں میں تلاشی کی کوششیں ختم ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
ملک میں پیر کو آنے والے زلزلے کے 90 گھنٹے بعد ملبے تلے دبے لوگوں کے زندہ بچ جانے کے امکانات بہت کم ہو گئے ہیں۔ اب بھی کچھ زندہ بچ جانے والوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے جو کسی معجزے سے کم نہیں ہے اور ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ سنہوا خبر رساں ایجنسی کے مطابق، جمعرات کے روز، ترک امدادی ٹیموں نے ملاتیا میں ایک اپارٹمنٹ کے ملبے سے میرل ناکیر نامی ایک 60 سالہ خاتون کو زندہ نکالا۔ زخمی خاتون کو تربیت یافتہ کتے کی مدد سے چھ منزلہ عمارت کے ملبے تلے سے نکالا گیا۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلوں سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ترکیہ میں کم از کم 17,674 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ شام میں کم از کم 3,377 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب ترکیہ کی پارلیمنٹ نے جمعرات کو تین ماہ کے لیے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔