انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک سالہ منصوبے کے تحت زلزلے سے متاثرہ علاقے کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا آخری بندے کو بچانے تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے مشکل وقت میں زلزلے سے متاثرہ شہریوں کیلئے یکجہتی کے پیغام میں کہا کہ ترکیہ سمیت تمام زلزلہ کے متاثرہ علاقوں میں مل کر کام کریں گے، آخری بندے کو بچانے تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔ ترک صدر نے ایک سالہ منصوبے کے تحت زلزلے سے متاثرہ علاقے کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کیلئے اگلے ماہ سے 30 ہزار مکانات کی تعمیر شروع کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک ایک لاکھ 75 ہزار خیمے اور 5 ہزار 400 کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔ گذشتہ روز ترک صدر رجب طیب اردوان ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ہم انسانی تاریخ میں ہونے والی بڑی آفات میں سے ایک کا سامنا کر رہے ہیں، زلزلے کے بعد اب تک ملبے سے زندہ نکالے گئے افراد کی تعداد 8 ہزار سے زیادہ ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ سائنس دانوں کے مطابق ان زلزلوں کے نتیجے میں خارج ہونے والی انرجی کی طاقت 500 ایٹم بموں کے برابر ہے۔ خیال رہے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات 41 ہزار 232 ہوگئیں جبکہ صرف ترکیہ میں زلزلے سے اموات 35 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔