نئی دہلی : مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی منگل کی شام نئی دہلی پہنچ گئے ہیں جہاں وزیر مملکت برائے امور خارجہ ڈاکٹر راجکمار رنجن سنگھ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وہ 74ویں یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ 24 سے 27 جنوری تک سرکاری دورے پر ان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہے جس میں پانچ وزراء اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے مصری صدر کے دورے بھارت کو تاریخی دورہ قرار دیتے نے کہا کہ سیسی کے یوم جمہوریہ پریڈ کا مہمان خصوصی ہونا بے حد خوشی کی بات ہے۔ٹویٹر پر پی ایم مودی نے صدر عبدالفتاح السیسی کو خوش آمدید کہا اور لکھا کہ ہمارے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے مہمان خصوصی کے طور پر آپ کا تاریخی دورہ تمام ہندوستانیوں کے لیے بہت خوشی کی بات ہے، ہم کل بات چیت کے لیے منتظر ہیں۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ میڈیا ایڈوائزری کے مطابق، اگلے روز یعنی بدھ کو، مصر کے صدر السیسی کا راشٹرپتی بھون میں ایک رسمی استقبال کیا جائے گا۔ وہ صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر سمیت دیگر سے بھی ملاقات کریں گے۔ جے شنکر کے ساتھ وہ راشٹرپتی بھون میں میٹنگ کریں گے، اسی دن مصری صدر بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یادگار راج گھاٹ پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائیں گے۔