نئی دہلی: قطر کی ایک عدالت نے بھارتی بحریہ کے آٹھ سابق اہلکاروں کے سزائے موت کے خلاف بھارت کی اپیل قبول کر لی ہے۔ دراصل بھارتی حکومت کی طرف سے گزشتہ ماہ قطر کی عدالت میں سزائے موت کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ ذرائع کے حوالے سے شائع ہونے والی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے قطری عدالت بھارت کی اپیل کا جائزہ لینے کے بعد اگلی سماعت کی تاریخ مقرر کرے گی۔
واضح رہے کہ 26 اکتوبر کو قطر کی ایک عدالت نے بھارتی بحریہ کے آٹھ سابق اہلکاروں کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے کیس میں ایک سال سے زائد عرصے تک ملک میں حراست میں رکھنے کے بعد موت کی سزا سنائی تھی۔ وزارت خارجہ نے جمعرات (23 نومبر) کو کہا کہ یہ فیصلہ خفیہ ہے اور اسے ہماری قانونی ٹیم کے ساتھ شیئر کیا گیا تھا۔ تمام قانونی آپشنز پر غور کرتے ہوئے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے اور ہم قطری حکام سے رابطے میں ہیں۔