کھٹمنڈو:پشپ کمل دہل پرچنڈ نے پیر کو تیسری بار نیپال کے وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا۔ صدر ودھا دیوی بھنڈاری نے شیتل نواس میں منعقدہ ایک سرکاری تقریب میں پرچنڈ کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ پشپ کمل دہل پرچنڈ کے اتحاد کو زبردست حمایت ملنے کے بعد انہیں وزیر اعظم مقرر کیا گیا۔ انہیں آئین کے آرٹیکل 76(4) کے مطابق 30 دنوں کے اندر ایوان زیریں سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ گزشتہ ماہ ہونے والے عام انتخابات کے بعد ملک میں سیاسی غیر یقینی کی فضا پشپ کمل دہل پرچنڈ کی حلف برداری کے ساتھ ختم ہوگئی۔ prachanda takes oath as new pm of nepal
پشپ کمل دہل پرچنڈ کو 275 رکنی ایوان نمائندگان میں 168 اراکین کی حمایت حاصل ہے، اس اتحاد میں سی پی این۔ایم سی32، سی پی این۔یو ایم ایل78، جے ایس پی12، آر پی پی14، آر ایس پی20، جنمت چھ، ناگرک مکتی پارٹی کے تین اراکین اور تین آزاد اراکین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اتوار کو سی پی این-ماؤسٹ سینٹر کے صدر پشپ کمل دہل پرچنڈ (68) نے ایوان کے 168 اراکین کی حمایت کا خط صدر جمہوریہ کو سونپا، جس کے بعد بھنڈاری نے انہیں نیپال کا نیا وزیر اعظم مقرر کیا۔