ریاض:سعودی عرب میں حج کے پیش نظر لاکھوں افراد کے پینے کے لئے سعودی کی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے مکہ مکرمہ، مقدس مقامات اور مدینہ منورہ میں روزانہ 1.36 ملین کیوبک میٹر سے زیادہ پینے کے پانی کی پمپنگ کا بندوبست کیا ہے ۔ اس سے پانی کی منصوبہ بندی کی مقدار کو مزید پمپ کرنے کی ضرورت سامنے آئی ہے۔ اس حج سیزن کے دوران تقریباً 30 لاکھ ضیوف الرحمن کی خدمت کے لیے 78.5 ملین کیوبک میٹر پینے کے پانی کو چوبیس گھنٹے مہیا رکھا جارہا ہے۔ العربیہ کے مطابق وزارت ماحولیات ضیوف الرحمن کی خدمت کے لیے اپنی بھرپور کوششوں کو بروئے کار لا رہی ہے۔ 11 سے زیادہ سرکاری ایجنسیاں غذائی اجناس کی وافر فراہمی کے عمل کی نگرانی میں مصروف ہیں۔
سعودی عرب کے تمام علاقوں میں عوامی فائدے کے لیے 600 بازار لگائے گئے ہیں جن کی نگرانی کی جارہی ہے۔ 425 مذبح خانے بنائے گئے ہیں۔ حجاج کرام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھیڑوں، گایوں، بکریوں اور اونٹوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ ان جانوروں کا تخمینہ 25.6 ملین لگایا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں متعدد مقامات پر بیماریوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹیموں کو متحرک کردیا گیا ہے۔ وہیں سعودی میڈیا کے مطابق اس سال حج کے دوران ٹریفک نظام کی نگرانی کے لیے ڈرونز استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور متعلقہ حکام کو ڈرونز فراہم کر دیے گئے ہیں۔