امریکی ریاست نیو میکسیکو کے شہر البوکرکی میں پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ اگر ان کے پاس حال ہی میں ہونے والے 4 افراد کے قتل کے بارے میں کوئی بھی اطلاعات ہیں تو اسے شیئر کریں کیونکہ پولیس انہیں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ Killings sow fear and panic in Albuquerque's Muslim community
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک الگ پیغام میں اسلامک سینٹر آف نیو میکسیکو نے پیر کے روز البوکرکی کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ رات کو اکیلے چہل قدمی سے گریز کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی ان کا گھروں تک پیچھا تو نہیں کر رہا۔ وہیں مقامی اخبار کے مطابق علاقے میں چوتھے قتل کے بعد لوگ خوفزدہ ہونے لگے ہیں، چاروں مقتولین مسلمان تھے۔
اسلامک سینٹر آف نیو میکسیکو نے کمیونٹی کے نام پیغام میں کہا کہ ہم سب سے گزارش کرتے ہیں کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے اردگرد کے ماحول سے آگاہ رہیں، بالخصوص اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی آپ کا گھر تک تعاقب نہیں کر رہا اور رات کو اکیلے چلنے سے گریز کریں، یہ خاص طور پر شہر کے جنوب مشرقی حصے میں رہنے والے ہمارے اراکین کے لیے اہم ہے جہاں یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔