روم: پوپ فرانسس نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور دنیا میں امن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی مذمت کی۔ اس تشویش کا اظہار انہوں نے ایسٹر کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں جمع ہونے والے تقریباً ایک لاکھ افراد کے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے سرے سے تشدد کے آغاز سے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے اعتماد اور باہمی احترام کے مطلوبہ ماحول کو خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے اپنی تقریر میں روس یوکرین جنگ کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امن کے لیے جدوجہد میں یوکرین کے عوام کی مدد کریں۔ پوپ فرانسس نے شام سے کانگو تک دنیا بھر کے تنازعات کی جانب توجہ مبذول کروائی اور ترکی اور شام میں زلزلے کے متاثرین کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں اور ان تمام لوگوں کو حوصلہ دیں جنہوں نے جنگ کی وجہ سے اپنے پیاروں کو کھو دیا اور یہ دعا کریں کہ قیدی اپنے خاندانوں کے پاس محفوظ اور صحت مند حالت میں واپس لوٹ سکیں۔ خیال رہے کہ رواں ہفتے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تشدد اور بدامنی میں اس وقت اضافہ دیکھا گیا جب مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان اور یہودیوں کا پاس اوور اور ایسٹر تہوار ایک ساتھ منائے جا رہے ہیں۔