نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ ملاقات کرکے علاقائی اور عالمی امور پیمانے پر بات چیت کی، جس میں زراعت، ڈیجیٹل ڈومین، ثقافت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی یاد میں خصوصی طور پر شائع ہونے والے ڈاک ٹکٹوں کا بھی تبادلہ کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پانچ مفاہمت پر دستخط بھی کیا گیا، جس میں سائبر سیکیورٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ثقافتی تبادلے، نوجوانوں کے امور میں تبادلے، نشریات کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے کی تجاویز شامل ہیں۔
وزیراعظم مودی کی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات مصری صدر السیسی اور ان کے وفد کا بھارت میں خیرمقدم کرتے ہوئے، پی ایم مودی نے ملاقات کے بعد اپنے پریس بیان میں کہا، کل، مصر کے صدر ہمارے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ یہ پورے بھارت کے لیے فخر اور خوشی کی بات ہے۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ مصری فوج کا ایک دستہ پریڈ میں حصہ لے رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت اور مصر دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ہیں۔
مودی نے کہا کہ ہمارے درمیان ہزاروں سالوں سے ایک مسلسل رشتہ ہے۔ چار ہزار سال سے زیادہ پہلے مصر کے ساتھ تجارت گجرات کی بندرگاہ لوتھل کے ذریعے ہوتی تھی اور دنیا میں مختلف تبدیلیوں کے باوجود ہمارے تعلقات مستحکم رہے۔ اس سال بھارت نے اپنی جی-20 صدارت کے دوران مصر کو مہمان ملک کے طور پر مدعو کیا ہے، جو ہماری خصوصی دوستی کو ظاہر کرتا ہے۔
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی بھارت کے 74 ویں یوم جمہوریہ پر مہمان خصوصی ہوں گے مودی نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں ہم نے اپنی دفاعی صنعتوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور انسداد دہشت گردی آپریشنز میں معلومات کے تبادلے کو بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ بھارت اور مصر کو دہشت گردی پر تشویش ہے۔ دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے سخت کارروائی کی جانی چاہیے اور اس کے لیے ہم عالمی برادری کو خبردار کرنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
مودی نے کہا، ’’دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک کوآرڈینیشن پورے خطے میں امن اور خوشحالی میں مدد کرے گا۔ لہذا، آج کی ملاقات میں، صدر سیسی اور میں نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک بلند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان-مصر اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے تحت، ہم سیاسی، سیکورٹی، اقتصادی اور سائنسی شعبوں میں مزید جامع تعاون کے لیے ایک طویل مدتی فریم ورک تیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مل کر فیصلہ کیا کہ اگلے 5 سالوں میں اپنے ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو 12 بلین ڈالر تک لے جائیں گے۔
مصری صدر کا آج صبح راشٹرپتی بھون میں رسمی استقبال کیا گیا اس موقع پر مصر کے صدر السیسی نے کہا کہ ہم نے مختلف شعبوں میں موجودہ تعاون کو بڑھانے اور نئے شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ ہم نے اپنے شعبوں میں خاص طور پر سرمایہ کاری، اعلیٰ تعلیم، کیمیکل، فارماسیوٹیکل انڈسٹری وغیرہ میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ دہلی اور قاہرہ کے درمیان فضائی خدمات کو وسعت دی جائے تاکہ سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں بات کی اور موسمیاتی تبدیلی پر فریقین کے 27ویں اجلاس (COP-27) پر تبادلہ خیال کیا۔
سیسی نے مزید کہا کہ ہم نے مصر اور بھارت کے درمیان سیکورٹی تعاون پر بھی بات کی۔ میں نے مودی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مصر کو آنے والے جی-20 سربراہی اجلاس کے مہمان ملک کے طور پر مدعو کیا۔ مصری صدر نے مودی کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں 2015 میں نیویارک میں وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی تھی اور ان پر میرا پورا بھروسہ تھا اور میں جانتا تھا کہ وہ اپنے ملک کو آگے لے جائیں گے۔ میں نے پی ایم مودی کو اپنے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے قاہرہ آنے کی دعوت دی ہے۔
مصری صدر نے آج وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بھی بات چیت کی واضح رہے کہ 68 سالہ بااثر عرب رہنما، جو تین روزہ دورے پر منگل کو یہاں پہنچے ہیں، یوم جمہوریہ کی تقریبات کے مہمان خصوصی ہیں۔ مصری صدر کا آج صبح راشٹرپتی بھون میں رسمی استقبال بھی کیا گیا۔ اس موقع پر صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم مودی اور کئی دیگر رہنما موجود تھے۔ پہلی دفعہ مصر کے صدر کو بھارت کے یوم جمہوریہ پر بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ہے۔ ایک بیان میں، مصری صدر نے کہا کہ یوم جمہوریہ کے شاندار تقریب میں مہمان خصوصی بننا اور شرکت کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور مصر کے درمیان تعلقات میں توازن اور استحکام ہے۔
آج پی ایم مودی کے ساتھ اپنی ملاقات سے قبل سیسی نے راج گھاٹ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مصری صدر نے آج وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بھی بات چیت کی۔ اس سے قبل مصری صدر نے اکتوبر 2015 میں تیسری انڈیا-افریقہ فورم سمٹ میں شرکت کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا اور اس کے بعد ستمبر 2016 میں ان کا سرکاری دورہ ہوا تھا۔قابل ذکر ہے کہ بھارت اور مصر اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال کا جشن منا رہے ہیں۔ بھارت نے اپنی G20 صدارت کے دوران مصر کو بطور مہمان ملک مدعو کیا ہے۔ (یو این آئی مشمولات کے ساتھ)