نئی دہلی: خارجہ سکریٹری ونے کواترا نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر بات چیت کے دوران مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے ساتھ حل نہ ہونے والے مسائل پر چینی صدر شی جن پنگ کو بھارت کی تشویش سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ایک میڈیا بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سرحدی علاقوں میں امن و سکون کی بحالی اور ایل اے سی کا احترام کرنا بھارت اور چین تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ضروری ہے۔
سیکرٹری خارجہ نے مزید کہا کہ اس ضمن میں دونوں رہنماؤں نے اپنے متعلقہ حکام کو جلد از جلد کشیدگی کو ختم کرنے کی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کرنے پر اتفاق کیا۔ کواترا نے یہ بھی کہا کہ یہ کوئی باضابطہ دو طرفہ بات چیت نہیں تھی، پی ایم مودی نے برکس لیڈروں کے ساتھ اپنی بات چیت کے دوران ایل اے سی کا مسئلہ اٹھایا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کو برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر ایک دوسرے سے مصافحہ اور مختصر گفتگو کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔