نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو دبئی میں کوپ 28 سربراہی اجلاس کے موقع پر اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے ملاقات کی۔ اس دوران وزراعظم مودی نے اسرائیل فلسطین کے مسئلہ کے جلد اور پائیدار حل کے لیے دو ریاستی حل اور سفارت کاری کے پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تنازع پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے حماس کی طرف سے 7 اکتوبر کو ہونے والے حملوں میں جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا اور یرغمالیوں کی رہائی کا بھی خیر مقدم کیا۔ وزیر اعظم نے جنگ میں متاثرہ آبادی کے لیے انسانی امداد کی مسلسل اور محفوظ ترسیل کی ضرورت کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے دو ریاستی حل اور سفارت کاری کے ذریعے اسرائیل فلسطین مسئلہ کے جلد اور پائیدار حل کے لیے بھارت کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔