ایتھنز: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو اپنے جنوبی افریقہ کے دورے کا اختتام کیا اور وہاں سے یونان پہنچ گئے۔ ایتھنز میں پی ایم مودی کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اپنے اس دورے سے متعلق ایک ٹویٹ میں لکھا کہ '' بھارت-یونان کی دوستی کو مزید گہرا کرنے کے مقصد سے ایک نتیجہ خیز دورے کے لیے پُرامید ہوں۔ اس موقعے پر یونان کے وزیر اعظم اور بھارتی کمیونٹی سے بات چیت کروں گا۔''
اپنے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران مودی نے 15ویں برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور کئی عالمی رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ کووڈ-19 وبائی امراض کی وجہ سے مسلسل تین سال کی ورچوئل میٹنگوں کے بعد برکس لیڈروں کی آمنے سامنے ہونے والی چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے مودی منگل کو جنوبی افریقہ پہنچے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹویٹر) پر کہا کہ ''وزیر اعظم نریندر مودی نے جنوبی افریقہ کا ایک نتیجہ خیز دورہ مکمل کیا جس نے برکس کے سفر میں ایک نئے باب کا آغاز کیا۔ وزیر اعظم اب یونان روانہ ہو گئے ہیں۔ پی ایم مودی نے ایکس پر پوسٹ کیا، 'میرا جنوبی افریقہ کا دورہ بہت نتیجہ خیز رہا۔ برکس سربراہی اجلاس بامعنی اور تاریخی تھا۔' برکس سربراہی اجلاس کے موقعے پر پی ایم مودی نے مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے برکس سربراہی اجلاس سے الگ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، سینیگال کے صدر میکی سال، ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد علی اور موزمبیق کے صدر فلپ نیوسی کے ساتھ الگ الگ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم مودی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ ان کی شاندار ملاقات ہوئی۔ انہیں خوشی ہے کہ ایران برکس میں شامل ہوگا۔ اس دوران ہندوستان اور ایران کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعاون کو گہرا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے ایک دیگر ملاقات کے بارے میں کہا کہ انہوں نے جوہانسبرگ میں سینیگال کے صدر میکی سال سے بات چیت کی۔ ہندوستان سینیگال کو ایک قابل قدر ترقیاتی شراکت دار مانتا ہے۔ ہم نے اپنی ملاقات میں توانائی، انفراسٹرکچر، دفاع اور دیگر شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے کہا کہ ان کی ایتھوپیا کے وزیر اعظم جناب علی کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے۔ برکس میں شامل ہونے پر ایتھوپیا کو مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، دفاع اور عوام سے عوام کے تعلقات جیسے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موزمبیق کے صدر فلپ نیوسی سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاع، انسداد دہشت گردی، تجارت اور عوام سے عوام کے تعلقات جیسے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔