بالی: وزیراعظم مودی نے سنگاپور کے وزیراعظم لی ہیسین لونگ کے ساتھ ملاقات میں بھارت اور سنگاپور کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں کے درمیان فن ٹیک (مالیاتی ٹیکنالوجی)، قابل تجدید توانائی، مہارت کی ترقی، صحت اور دواسازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بارے میں بات چیت ہوئی۔ مودی نے سنگاپور کو گرین معیشت، بنیادی ڈھانچے اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے اور بھارت کی قومی انفراسٹرکچر پائپ لائن، اثاثہ منیٹائزیشن پلان اور گتی شکتی یوجنا سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش کی۔ PM Modi in Bali
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاع، سول جوہری توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں موجودہ تعاون کا جائزہ لیا اور نئے شعبوں میں اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔ جرمن چانسلر اولاف شولز کے ساتھ مودی نے وسیع پیمانے پر دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور ٹرانسپورٹ، امیگریشن، مالیاتی اور دفاعی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اٹلی کی پہلی خاتون وزیراعظم جارجیا میلونی سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری، دہشت گردی سے نمٹنے اور عوام سے عوام کے روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانی سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاع، تجارت، تعلیم، صاف توانائی اور عوام سے عوام کے رابطوں میں تعاون کا جائزہ لیا۔ تعلیم میں ادارہ جاتی شراکت داری بالخصوص اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تعلیم، تربیت اور استعداد کار میں اضافے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔