نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو سوڈان میں پھنسے ہوئے بھارتیوں کی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلی سطح کی میٹنگ کی صدارت کی۔ اس دوران وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور خارجہ سکریٹری ونے کواترا نے بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ میں شرکت کی۔ سوڈان میں بھارت کے سفیر بی ایس مبارک کے ساتھ مصر اور ریاض کے سفیروں نے بھی آج کی میٹنگ میں شرکت کی۔ ائیر چیف مارشل وی آر چودھری اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر ہری کمار میٹنگ میں موجود تھے۔
فی الحال، فوجی اور سیاسی بحران کے درمیان بھارتیوں کی ایک غیر متعینہ تعداد سوڈان میں پھنسے ہوئے بتائی جاتی ہے۔ سوڈان کے دارالحکومت خرطوم سے علاقے میں لڑائی بڑھنے کے بعد ہزاروں شہری نقل مکانی کر چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس لڑائی میں اب تک ایک بھارتی سمیت 350 سے زیادہ لوگ مارے جا چکے ہیں۔ وزیر خارجہ جے شنکر نے 20 اپریل کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس سے ملاقات کی تھی اور سوڈان میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ جے شنکر نے بتایا کہ ہماری بہت اچھی میٹنگ رہی۔ ہماری زیادہ تر میٹنگ سوڈان کی صورتحال پر تھی۔ ہم نے جی 20، اور یوکرین کے تنازعہ پر بھی تبادلہ خیال کیا، لیکن بنیادی طور پر یہ سوڈان کے بارے میں تھا۔