ٹوکیو: بھارت نے پڑوسی ملک سری لنکا کو اقتصادی بحران سے لڑنے میں مدد کے لیے مزید سرمایہ کاری کا یقین دلایا ہے۔ سری لنکا اپنی آزادی کے 75 سال بعد بدترین معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔PM Modi
روزنامہ ڈیلی مرر نے جمعرات کو خبر دی کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سری لنکا کے صدر رانیل وکرماسنگھے کو یہ یقین دہانی کرائی۔ رپورٹ کے مطابق دونوں لیڈروں نے جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی آخری رسومات کے موقع پر مختصر ملاقات کی تھی۔
اخبار نے کہا کہ دونوں لیڈروں نے بدھ کی شام سری لنکا کے قرضوں کی تنظیم نو پر تبادلہ خیال کیا۔ دی مرر نے کہا کہ مودی نے وکرما سنگھے کو صدارت کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور سری لنکا کے معاشی بحران پر تبادلہ خیال کیا، جس کی وجہ سے ملک کو خوراک، ایندھن اور ادویات جیسی اشیائے ضروریہ کی بڑے پیمانے پر قلت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ سری لنکا کی بات چیت اور مذاکرات کی موجودہ صورتحال کے بارے میں ،معلومات حاصل کیں۔