منیلا:فلپائن کا الزام ہے کہ بحیرہ جنوبی چین میں ایک متنازع جزیرے پر اس کے جواب میں مشن کو روکنے کے لیے چین نے اس کی کشتی پر ’فوجی گریڈ‘ لیزر کا استعمال کیا۔ اس لیزر کی چمک سے فلپائن کے کوسٹ گارڈز کی کشتی پر سوار عملے کی آنکھیں متاثرہو گئیں، جس کے نتیجے میں انہیں پیچھے ہٹنا پڑا۔
یہ کشتی ایک خستہ حال جہاز کی جانب بڑھ رہی تھی، جسے منیلا برسوں سے ’سیکنڈ تھامس شول‘ پر دعوے کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔ یہ متنازع چھوٹا جزیرہ ہے۔ سیکنڈ تھامس شول پر کئی ممالک دعویٰ کرتے ہیں لیکن فی الحال یہاں فلپائن کی فوج کا قبضہ ہے۔ بحیرہ جنوبی چین کے بیشتر حصے پر اپنے دعوے کے لیے ماضی میں چین واٹر کینن اور سائرن کا استعمال کر چکا ہے۔یہ واقعہ 6 فروری کو پیش آیا، لیکن عوامی سطح پر اس بارے میں 13 فروری کو بتایا گیا ہے۔ فلپائن کوسٹ گارڈ نے کہا کہ یہ پانی کے ان علاقوں میں ’فلپائن کے خود مختار حقوق کی خلاف ورزی‘ تھی جو منیلا کی نظر میں بحیرہ مغربی فلپائن کے علاقے ہیں۔