واشنگٹن: امریکہ کے حساس و خفیہ دستاویزات انٹر نیٹ پر لیک ہونے کے بعد امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ خفیہ دستاویزات کا لیک ہونا امریکہ کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ ان میں سے کئی دستاویزات یوکرین کی جنگ سے متعلق ہیں۔ امریکی محکمہ انصاف اس دستاویز کے لیک ہونے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ امریکی امور انصاف کا کہنا ہے کہ موساد اور یوکرینی فضائی نظام سمیت دیگر امور سے متعلق امریکی حکومت کے خفیہ دستاویزات کے انٹرنیٹ پر لیک ہونےکی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ٹوئٹر، ٹیلی گرام، ڈسکورڈ اور دیگر سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر خفیہ دستاویزات اور پریزینٹیشن سلائیڈز وقتا فوقتا جاری کی جارہی ہیں اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ ان خفیہ دستاویزات میں یوکرین کی امریکی امداد سے متعلق دستاویزات بھی شامل ہیں اس کے علاوہ ان دستاویزات میں امریکی اتحادیوں کے حساس تجزیے بھی شامل تھے جنہیں انٹرنیٹ پر شائع کیا گیا۔
امریکی محکمۂ انصاف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم نے امریکی محکمہ دفاع سے رابطہ کر کے اس واقعہ سے متعلق تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق اس واقعہ کی نگرانی کی جارہی ہے۔ امریکی حکام نے یہ بھی بتایا کہ ان دستاویزات میں موجود کچھ معلومات میں رد وبدل دیکھنے میں آیا ہے مگر اکثر دستاویزات میں موجود معلومات وائٹ ہاؤس، پینٹاگون اور محکمہ خارجہ کے درمیان شئیر کی جانے والی معلومات سے ہم آہنگی رکھتی ہے۔